شہباز شریف کی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج دوحہ میں قطر کے وزیراعظم اور وزیر مملکت داخلہ عزت مآب شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آج سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے۔ کابینہ کے سینئر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون ,خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، ۔ وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے بشمول قابل تجدید ذرائع، انفراسٹرکچر، نقل و حمل، زراعت اور لائیو سٹاک اور سیاحت میں قطر کے ساتھ تعلقات کو گہرا اور متنوع بنانے میں حکومت پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا .

وزیر اعظم نے قطر کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی پر مبارکباد دی اور دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں قطر کے عوام اور حکومت کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا.

انہوں نے قطر میں مقیم پاکستانیوں کی دیکھ بھال پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کے انسانی وسائل کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے قطری قیادت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں جو اپنی مہارت اور کاروبار کے ذریعے قطر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

افغانستان میں تازہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے، وزیر اعظم نے عالمی برادری کو انسانی اور اقتصادی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کے لیے اپنی حمایت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے قطر کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے اس کی انسانی امداد کو سراہا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More