وزیر اعظم سے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقاتیں، وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کی ہیں۔ اراکین نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی شیر اکبر خان، سلیم الرحمان، ظل ہما، چوہدری عامر سلطان چیمہ،
ملک عمر اسلم خان، عثمان خان ترکئی اور ارباب عامر ایوب نے ملاقاتیں کی ہیں۔


ملاقات میں معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر، عمران خٹک، جاوید اقبال وڑائچ، عبدالمجید خان نیازی اور نیاز احمد جھاکڑ بھی شریک ہوئے۔ اراکین نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا اراکین قومی اسمبلی سے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوامی فلاح کے لیے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں، خواتین، غریب اور متوسط افراد کے لیے بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔

جبکہ احساس پروگرام کے تحت رعایت راشن، تعلیمی وظائف، ایمرجنسی کیش، زچہ بچہ کی نشونما، خصوصی افراد کی کفالت، پناہ گاہیں اور خواتین کے لیے سنٹر بنائے گئے ہیں۔ یہ وہ تمام اقدامات ہیں جو پہلے کسی بھی حکومت نے نہیں اٹھائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی خاطرحکومت پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری سبسڈی دے رہی ہے۔

موجودہ سیاسی صورتحال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ وزیر اعظم کی اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور ان کے مسائل فوری حل کرنےکی تلقین کی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More