وزیراعظم نے لاہور میں انڈس اسپتال کاافتتاح کردیا

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کے پہلے فیز کا افتتاح کردیا ہے ۔ 600 بستروں پر مشتمل اسپتال میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کے پہلے فیز کا افتتاح کیا ہے۔افتتاحی تقریب میں پنجاب کے گورنر محمد بلیغ الرحمن اور دوسری شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن 600بستروں پر مشتمل ہوگا جہاں عالمی معیار کی طبی سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈس اسپتال کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے۔آج میرے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے کہ ایسے اسپتال کے افتتاح کا موقع ملا جسے خدا ترس شخص نے بنایا۔ غریبوں کیلئے ایسے منصوبے شروع کرنیوالے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ جو لوگ قرآن کی تعلیمات پرعمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوگا۔اچھے لوگ کسی بھی حکومت کیساتھ کام کریں تو اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ ہمیں اپنی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے، قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے ذاتی انا کو مارنا ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More