تازہ ترین
تعمیرات کے شعبے کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، عمران خان

تعمیرات کے شعبے کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، عمران خان

اسلام آباد: (30 جولائی 2020) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت پر کورونا کے منفی اثرات زائل کرنے، معاشی عمل کو تیز کرنے اور خصوصاً نوجوانوں کو نوکریوں اور غریب عوام کے اپنی چھت کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تعمیراتی شعبے کا فروغ کلیدی کردار کا حامل ہے۔ یہ شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے تیرہ نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات اور اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آباد کی جانب سے تعمیراتی شعبے میں دی جانے والی مراعات کا بھرپور فائدہ اٹھانے اور اربوں روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی یقین دہانی پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے وزیرِ اعظم کو پورٹل کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا جس میں پورٹل کی خصوصیات، طریقہ کار، چیف سیکریٹری آفس سے پورے نظام کی مانیٹرنگ اور درخواستوں پر مقررہ مدت میں حکومتی اداروں کی جانب سے این او سیز و دیگر منظوریوں کے عمل کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پورٹل، موبائل ایپلیکیشن اور آن لائن نظام کا مقصد نظام میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور پورے نظام کی شفافیت اور کارکردگی و فعالیت کو یقینی بنانا ہے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ نئی تعمیرات خصوصاً ہاؤسنگ یونٹس اور ہاؤسنگ کالونیز اور کمرشل عمارتوں میں بجلی اور گیس جیسی سہولیات کی فراہمی کو بروقت یقینی بنانے کیلئے وفاقی سطح پر ہیلپ لائن اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔ تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری ان سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔ کاروباری برادری تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔ حکومت ہر ممکنہ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top