پی آئی اے31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا

اسلام آباد: پی آئی اے انتظامیہ کی وفاقی وزیر ہوا بازی کو اہم امور پر بریفنگ، حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

پی آئی اے انتظامیہ کی وفاقی وزیر ہوابازی کو اہم امور پر بریفنگ۔ پی آئی اے منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا۔ حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا۔حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔

وزیر ہوابازی نے ہدایات دیں کہ پی آئی اے اس مقصد کیلئے 1 بوئنگ 777 اور 1 ائیربس 320 کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالے۔4 ائیربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جارہی ہے ۔دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا

وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔ پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے کو دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلانے کی ہدایت کی ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے نے پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر باکو (آذربائجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔ اسکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں۔ ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔

خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ پی آئی اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کیلئےٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔ پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آبادائیرپورٹس پر بزنس کلاس لاوئنجز کی تزین و آرائش کروائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More