تازہ ترین
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی قرارداد جمع

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی قرارداد جمع

اسلام آباد: (29 جون 2020) اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی قرارداد جمع کروادی۔ تحریک انصاف کے رکن نورعالم خان نے بھی اپنی حکومت کے فیصلے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے قرارداد پر دستخط کیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں یکشمت 25 روپے کے اضافے پر اپوزیشن کے ساتھ حکومت کے اتحادیوں نے بھی مخالفت کردی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی قرارداد جمع کروادی۔

قرارداد پر اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی ایم ایم اے جماعت اسلامی اور پی ٹی ایم کے ارکان کے دستخط ہیں جبکہ حکومت کی اتحادی جماعتیں جی ڈی اے، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان مسلم لیگ (ق) اور ایک آزاد رکن بھی شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمع کرائی گئی قرارداد پر دستخط کیے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

قرارداد کے مطابق اس اقدام سے ملک میں مہنگائی کی بدترین لہر پیدا ہوجائے گی اور اس سے عوام معاشی بدحالی سے دوچار ہوں گے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک کی صنعت اور زراعت پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

Comments are closed.

Scroll To Top