عوام بجلی اور پانی کا استعمال کم کریں، صدر

اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بلین ٹری سونامی بہترین منصوبہ ہے۔ پاکستان میں ماحول کی بہتری کیلئے حکومتی اور غیر سرکاری سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی نے گرین پریزیڈینسی منصوبے اور ایوان صدر کی آئی ایس او سرٹیفکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایوانِ صدر میں بجلی کی بچت کیلئے جو اقدام کیا گیا ہے اس کو ملک بھر میں اپنانے کی ضرورت ہے۔منصوبے سے قومی خزانے کو 72.5 ملین روپے کی بچت ہوگی جبکہ 35 فیصد توانائی بچائی جا سکے گی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ ایوانِ صدر میں شمسی توانائی منصوبے سے مکمل طور پر توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا ۔ اس اقدام سے سالانہ 3144 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ ماحول میں جانے سے بچائی جا سکے گی ۔

عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کے ایوانِ صدر نے دنیا کے پہلے صدارتی دفتر کا اعزاز حاصل کیا ہے جسے آئی ایس او 50001 کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔ گلوبل وارمنگ سے عالمی سطح پر ماحولیاتی و دیگرمسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔گلوبل وارمنگ میں کمی لانے کیلئے انفرادی اور مجموعی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ گلوبل وارمنگ کو کم کرنے کیلئے شجر کاری مہم کے ذریعے پاکستان نے اقدامات کیے ہیں۔

عارف علوی نے کہاکہ فضا میں موجود کاربن کی مقدار کو ٹیکنالوجی کی مدد سے جانچا جاسکتا ہے۔ پلاسٹک ویسٹ ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ہمیں بجلی اور پانی کے غیرضروری استعمال سے اجتناب کرنا چاہیئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More