پی ڈی ایم کا کل مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

لاہور: اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کل پورے ملک میں بدترین مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کل بعد نماز جمعہ لاہور میں جین مندر چوک سے سہ پہر تین بجے احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی میں 24 اکتوبر کو ریلوے اسٹیشن چوک سے کمیٹی چوک تک احتجاج کیا جائے گا۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ جھنگ چوک بھکر سے احتجاجی ریلی شروع ہو کر کنگ گیٹ تک جائے گی جب کہ سرگودھا میں بھی کل احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ پشاور، سوات اور شانگلہ سمیت دیگر شہروں میں سہ پہر 3 بجے کل احتجاج ہوگا۔ کراچی میں ایمپریس مارکیٹ پہ 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مری روڈ راولپنڈی پہ مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا اوراحتجاجی دھرنا بھی دیا گیا تھا۔مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف ن لیگ سمیت پی ڈی ایم میں شامل دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں آج احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More