پی سی بی ایوارڈز2021 کے لیے نامزدگیوں کی فہرست جاری

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی ایوارڈز 2021 کے لیے نامزدگیوں کی فہرست جاری کردی۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ اکیس سالہ فاسٹ باؤلر کو سال کی سب سے متاثر کن ارکردگی، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔

کیلنڈر ایئر 2021 میں شاہین شاہ آفریدی نے تینوں طرز کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں ، 6 ون ڈےانٹرنیشنل میں 8 وکٹیں اور 21 ٹی ٹونٹی میں 23 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 میں ان کی بھارت کے خلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کی فہرست میں شامل ہے۔ اس کٹیگری میں ان کے علاوہ تین اور نامزدگیاں بھی ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کی نامزدگی 10 رکنی آزاد پینل نے کی ہے، جس میں سابق بین الاقوامی کرکٹرز، براڈکاسٹرز اور میڈیا نمائندگان شامل ہیں ۔

پی سی بی ایوارڈز جیتنے والے فاتحین کا اعلان ایک ورچوئل ڈیجیٹل شو کے ذریعے کرے گا۔ یہ ڈیجٹل شو 6 جنوری بروز جمعرات کی شام 7 بجے پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب اور فیس بک چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

اُدھر محمد رضوان بھی سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کٹیگریز میں نامزد ہوئے ہیں۔ حسن علی کو سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سب سے قیمتی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

بابر اعظم، فواد عالم اور حارث رؤف کو بھی ایوارڈز کی دو، دو کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پی سی بی ایوارڈز 2020 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے والے بابراعظم ایک بار پھر اس کٹیگری میں نامزد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ وہ سال کے بہترین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر کی فہرست میں بھی شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔ فواد عالم سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ حارث رؤف کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئرکی کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے ارشد اقبال، اعظم خان، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ یکم اگست 1998 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے یا اس کیلنڈر ایئر میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے یا کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایونٹس اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کم از کم 15 میچز کھیلنے والے کھلاڑی اہل ہیں۔ اس کٹیگری میں ایک مرتبہ نامزد ہونے والے کھلاڑی کو دوبارہ نامزد نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا اس کیلنڈر ایئر میں متاثر کن کارکردگی کے باوجودحیدر علی اور محمد حریرہ کو اس کٹیگری کے لیے نامزد نہیں کیا گیا کیونکہ وہ گزشتہ سال شارٹ لسٹ ہوچکے تھے۔

بہر حال محمد حریرہ کو ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے آصف آفریدی، افتخار احمد، صاحبزادہ فرحان اور طیب طاہر کے ساتھ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال ایوارڈ جیتنے والی عالیہ ریاض ، انعم امین، فاطمہ اور ندا ڈارکو ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ امپائر آف دی ایئر اور اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈز کے ونرز کا اعلان بھی جمعرات کی شام 7 بجے ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More