ٹی 20ورلڈ کپ، پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72رنز سے شکست دے دی

شارجہ : ٹی 20ورلڈ کپ میں گروپ 2 میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72رنز سے مات دیدی ۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ 11 نومبر کو ہوگا۔

پاکستان کے 190رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 117رنز بناسکی،جارج منسے 17،کوئٹزر9 اور میتھیو کراس 5رنز بناکر پویلین لوٹے،حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نےایک، ایک اورشاداب خان نے 2 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے مائیکل لیسک14 ،ڈائیلن بج صفر اور کرس گریوز 4رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رچی بیرنگٹن سب سے زیادہ54رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل گرین شرٹس نے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 189رنزبنائے،کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری سکور کی اور 66رنز بنائے،شعیب ملک نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے صرف 18گیندوں پرچھ چھکوں اور1چوکے کی مدد سے54رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، آصف علی 5رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔

محمد رضوان15رنز بناکر حمزہ طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے جو کہ 8رنز بناکر گریوز کی گیند پر پویلین لوٹے،محمد حفیظ نے 18گیندوں پر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے31رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنےوالی واحدٹیم ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More