پاکستان 19 دسمبر کوافغانستان پراو آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بننا پاکستان کی پالیسی ہے۔پاکستان ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں ہے بلکہ پاکستان ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ کی ماحول سے متعلق گلاسگو کانفرنس میں عدم شرکت پر جو بیانات آئے ان میں کوئی حقیقت نہیں۔ امریکا کے ساتھ ہم مستقل رابطے میں ہیں اور اعلیٰ سطح امریکی کمیٹیوں کے ارکان پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے معاملے پر چین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ امید ہے جلد چین اس مسئلے کو حل کر لے گا۔پاکستان چین ،امریکا کے مابین اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ چین میں سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اولمپکس میں شرکت کرے گا۔ کھیلوں کے ایونٹس کو سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے۔ چینی اولمپکس کی مخالفت اچھا اقدام نہیں ہے ۔ تمام ممالک کو سرمائی اولمپکس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان 19 دسمبر کو افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔امید ہے اجلاس سے افغانستان کی انسانی امداد کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھو ں مارے جانے والی سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی موت پر سری لنکا کی حکومت سے اظہار تعزیت بھی کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More