تازہ ترین
چیف جسٹس کا ملک میں 120 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا حکم

چیف جسٹس کا ملک میں 120 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا حکم

اسلام آباد:(08 جولائی 2020)ملک میں احتساب کا عمل تیز کرنے کے لئے سپریم کورٹ نے ملک میں 120 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے کرپشن کے مقدمات جلد نمٹانے سے متعلق حکم دیتے ہوئے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام سے ہدایت لے کر نئی عدالتیں قائم کریں اور کرپشن کے مقدمات اور زیر التوا ریفرنسز کا تین ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب ریفرنسز کا جلد فیصلہ نہ ہونے سے نیب قانون بنانے کا مقصد ختم ہو جائے گا، نیب کے 2000 سے ریفرنسز زیر التواء ہیں، کیا نیب اپنے قانون کی عملدرای میں سنجیدہ ہے؟، نیب ریفرنسز کے فیصلے کیوں نہیں ہورہے، 20، 20 سال سے نیب کے ریفرنسز زیر التواہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیوں نہ نیب عدالتیں بند کردیں اور نیب قانون کو غیرآئینی قرار دے دیں، نیب کے 1226 ریفرنسز زیر التواء ہیں، ریفرنسز کا فیصلہ تو تیس دن میں ہونا چاہیے۔ لگتا ہے 1226 ریفرنسز کے فیصلے ہونے میں ایک صدی لگ جائے گی۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ نیب کا ادارہ نہیں چل رہا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور سیکرٹری قانون کو طلب کرلیا ہے۔ چیئرمین نیب سے زیر التوا ریفرنسز کو جلد نمٹنانے سے متعلق تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ میں پانچ احتساب عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کا حکم دیا ہے اور ایک ہفتے میں تعیناتی نہ ہونے پر سخت ایکشن لینے کا عندیہ بھی دیا۔

Comments are closed.

Scroll To Top