پاکستان نے امریکا و بھارت کے بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان نے 11 اپریل کو امریکا بھارت وزارتی مذاکرات کے بعد جاری کردہ بیان میں غیر ضروری حوالہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیان میں پاکستان کے خلاف کیے گئے دعوے بدنیتی پر مبنی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے امریکا بھارت مشترکہ اعلامیہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں عالمی برادری کا ایک بڑا، فعال اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے امریکا بھارت مشترکہ بیان میں پاکستان کے حوالے سے غیر ضروری حوالہ کو مسترد کرنے سے متعلق امریکی فریق کو سفارتی ذرائع سے آگاہ کر دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اورقربانیوں کا امریکا سمیت عالمی برادری اعتراف کرتی ہے ۔ خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی اشتعال انگیزی مقبوضہ جموں و کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ مظالم کو چھپانے کی ایک مایوس کن کوشش ہے۔ہندوستان کا دوسرے ممالک کی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے اور اقوام متحدہ کی طرف سے نامزد دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ریکارڈ پر ہے۔سنگین صورتحال کا ادراک نہ کرنا بین الاقوامی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More