پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمان میں تمام فیصلے ہونے پر یقین رکھتی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمان میں تمام فیصلے ہونے پر یقین رکھتی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہائبرڈ اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ جس میں دہشت گردی کے مسئلے بالخصوص ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی کے ساتھ افغانستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کی روشنی میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیاجس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے اجلاس میں اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے اور اس کے لیے پارلیمنٹ کو آن بورڈ لیا جانا چاہیے۔ پارٹی نے آگے کے راستے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ، شیری رحمان، نیئر بخاری، نجم الدین صدر پی پی پی کے پی کے، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں دہشت گردی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، پی پی پی کے اجلاس میں بالخصوص تحریک طالبان افغانستان اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بات ہوئی۔

ٹوئٹ میں انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمان میں تمام فیصلے ہونے پر یقین رکھتی ہے، ہم اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرکے آگے بڑھنے کے لئے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More