پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کُونی نَوری ماتسودا نے ملاقات کی ہے ۔

صدر مملکت عارف علوی نے جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر ، کُونی نَوری ماتسودا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔پاکستان اور جاپان کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں کاروبار کے زبردست مواقع موجود ہیں ۔جاپانی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ہنر مندی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے جاپان کے جے ڈی ایس سکالرشپ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت پاکستان کے 20 طلباء کو جاپانی یونیورسٹیوں میں گریجویٹ کورسز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔صدر مملکت نے جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی اور جاپانی کمپنیوں کے پاکستان کی ترقی میں کردار کو سراہا

اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ماہی گیری اور زرعی مصنوعات کے بڑے برآمد کنندگان میں شامل ہے ۔پاکستان جاپان کو چاول ، کھجور ، تل ، آم ، کیکڑے اور نمک بڑی مقدار میں مہیا کرتا ہے ۔ٹویوٹا آٹوموبائل کمپنی پاکستان میں جدید ترین ہائبرڈ کاروں کی تیاری کے لیے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More