تازہ ترین
حکومت کا ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ

حکومت کا ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (یکم جون 2020) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

قومی رابطہ کمیٹی نے ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دکانیں اور مارکیٹیں صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، گروسری، پیٹرول پمپس ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔ ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے ساتھ چلتی رہے گی۔ شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا، جبکہ ملک بھر میں تفریح گاہیں بند رہیں گی۔

اعلامیہ کے مطابق زندگی اور معاشی توازن کو برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا کے خلاف لڑنے اور قیمتی جانیں بچانے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے حکام سیاحت کے فروغ کیلئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ بعض شعبوں کو بند رکھنے کیلئے نیگیٹیو فہرست جاری کرنے جبکہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے اتفاق سے متعدد کاروباری سرگرمیوں اور صنعتوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا اور تمام ممالک سے رجسٹریشن کرانے والے پاکستانیوں کو مرحلہ وار واپس لانے کی ہدایت کی۔

وزیرریلوے کی سفارش پر وزیراعظم نے مزید 10 ٹرینیں چلانے کی منظوری بھی دے دی۔ اب ملک بھر میں مجموعی طور پر 40 ٹرینیں چلیں گی۔

Comments are closed.

Scroll To Top