نسیم شاہ پنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے

اسلام آباد: نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو کورونا کا شکار ہونے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نسیم شاہ کو حارث رؤف کی جگہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل نوجوان فاسٹ باؤلر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اعلان کردہ ٹریولنگ ریزرو کا حصہ تھے۔

واضح رہے حارث رؤف کے آج کئے گئے کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔ تاہم وہ پانچ روز تک آئیسولیشن میں رہیں گے۔ لہٰذا وہ 4 مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

حارث رؤف کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں باقی تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More