نادرا نے خواجہ سراؤں کیلئے رجسٹریشن مہم کا آغاز کردیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے خواجہ سراؤں کے لئے رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا ۔ 13 دسمبرکو نادرا کے فیلڈ افسران اور دیگر عملہ کے لئے خصوصی تربیت کا انعقاد کیا جائے گا ۔

نادرا نے 10 دسمبر کو منائے جانے والے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر خواجہ سرا افراد کے لئے رجسٹریشن مہم کا آغاز کیا جس کے دوران ملک بھر میں معاشرے کے اس محروم طبقے کو شناخت کے ذریعے بااختیار بنانے میں مدد دینے کے لئے متعدد خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

جو ہر انسان کے حقوق، وہی ہر خواجہ سرا کے حقوق کے مرکزی پیغام کے ساتھ شروع کی گئی رجسٹریشن اور آگاہی کی اس مہم کے سلسلے میں 13 دسمبر کو نادرا کے فیلڈ افسران اور دیگر عملہ کے لئے ایک خصوصی تربیت کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد ان حساس پہلوؤں اور خدشات کو دور کرنا ہے جن کی وجہ سے خواجہ سرا شناخت جیسے بنیادی انسانی حق سے محروم رہ جاتے ہیں ۔

واضح رہے کہ نادرا نے اب تک ایسے 5626 خواجہ سراؤںافراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے جنہوں نے صنف کے طور پر اپنے آپ کو مرد یا عورت ظاہر نہیں کیا۔ نادرا، خواجہ سرا برادری کو بااختیار بنانے کے لئے قانونی شناخت کی اہمیت کے بارے میں لوگوں میں اور بالخصوص خواجہ سرا افراد میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More