تازہ ترین
قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ منظور کر لیا

قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ منظور کر لیا

اسلام آباد:(29 جون 2020)اپوزیشن کی شدید مخالفت کے باوجود قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ سال دوہزار بیس -اکیس منظور کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں فنانس بل 21-2020 کی شق وار منظوری کا عمل مکمل کیا گیا،ووٹنگ پر حکومت کو ایک سو ساٹھ جبکہ اپوزیشن کو ایک سو انیس ووٹ ملے ،ووٹنگ میں بی این پی مینگل کے دوارکان نے اپوزیشن کا ساتھ دیا۔

بجٹ کی منظوری کے دوران اپوزیشن نےپلے کارڈز اور پوسٹرز لہرائے، اس دوران اسپیکر نے  اپوزیشن اراکین کی جانب سے پلے کارڈز لہرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پلے کارڈز قواعد کی خلاف ورزی ہیں ان کو ہٹایا جائے۔

بجٹ کی منظوری کے دوران اپوزیشن کی تمام تحاریک کو مسترد کردیا گیا، بجٹ کی منظوری کے بعد اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کے بعد بجٹ کی منظوری سینیٹ سے بھی لی جائے گی جس کے بعد صدر مملکت اس پر دستخط کریں گے۔

حکومت نے 12 جون کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کیا تھا جس کا حجم 71 کھرب 37 ارب روپے ہے۔ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔

بجٹ میں حکومتی آمدنی کا تخمینہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی جانب سے محصولات کی صورت میں 4963 ارب روپے اور نان ٹیکس آمدنی کی مد میں 1610 ارب روپے رکھا گیا ہے جب کہ 3437 ارب روپے کا خسارہ ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top