قومی اسمبلی:صدر آئین پاکستان سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی سے عمران خان کی پاکستان ٹوٹنے اور فوج کے حوالے سے بات کرنے پر کارروائی کے لیے حکومت کو خط لکھنے کا مطالبہ کردیا ۔ وفاقی وزیر نے صدر کی جانب سے انتخابات اور احتساب ترمیمی بل پر دستخط نہ کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ملک عمران خان کی مرضی سے نہیں چلے گا۔

قومی اسمبلی کااجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ صدر عارف علوی کا طریقہ کار درست نہیں ہے،وہ آئین پاکستان سےاس طرح کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر ایاز صادق سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق صاحب!آئینی طریقہ یہی ہے جو آپ بتا رہے ہیں۔

اجلاس میں ن لیگ کے رکن چوہدری فقیر احمد اپنے حلقے وہاڑی میں بارہ سالہ بچی کی زیادتی کے بعد لاش ملنے کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ جب تک بچی کے قاتلوں کی گرفتاری کی رولنگ نہیں دی جاتی وہ بجٹ تقریر نہیں کریں گے۔

ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ تین دن کے اندر آئی جی پنجاب مقتول بچی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس منگل دوپہر ڈیڑھ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More