کراچی میں بارشیں تھم گئیں ہیں، ہم تعمیر نو کی جانب جا رہے ہیں، مرتضی وہاب

کوئی سپرمین بھی بارشوں کے دوران کام نہیں کرسکتا، کراچی میں بارشیں تھم گئی ہیں اب ہم تعمیر نو کی جانب جارہے ہیں، سڑکیں بنیں گی، سیوریج نظام بھی ٹھیک کریں گے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب بولے کہ مخالفین صرف تنقید کرتے ہیں، مسائل تنقید سے نہیں کام سے حل ہوتے ہیں۔

فریئر ہال کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے عقل کے اندھوں کو سمجھنا چاہیے کہ مسائل دوران بارش حل نہیں ہوتے۔ ہم بارشوں کے دوران بھی سڑکوں پر موجود تھے۔

بارشیں تھم گئیں اب تعمیر نو کی طرف جارہے ہیں، سڑکیں بنیں گی، سیوریج نظام بھی ٹھیک ہوگا۔ کراچی کی ایک سوستاون ترقیاتی اسکیموں کے لیے اٹھارہ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، متاثرین کی فوری ریلیف کے لیے رقم اور ٹوٹی سڑکوں کے پیچ ورک کے لیے ایک ارب روپے بھی بلدیہ کو مل گئے ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ بارشوں کے دوران تمام بلدیاتی اداروں نے مل کر کام کیا، ماضی میں جو علاقے بارشوں کے دوران ہفتوں مفلوج رہتے تھے انہیں انتظامیہ نے فوری کلئیر کیا، نالوں نے اچھا پرفارم کیا، سڑکوں کی وجہ سے پریشانیاں پیدا ہوئیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ میں بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، چیئرمین بلاول نے وہاں وزرا اور مشیران کی ڈیوٹی لگائی ہے، پی ڈی ایم اے کو متاثرین کو راشن اور ٹینٹوں کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More