محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار

دبئی: سال دو ہزار اکیس میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا تاج محمد رضوان کے سر سج گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹرمحمد رضوان کو گذشتہ سال 1326 انٹر نیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین ٹی 20 کرکٹر قرار دیا ہے، کرکٹر آف دی ایئر کے لئے رضوان کے علاوہ وانندو ہسارنگا، مچل مارش اور جوز بٹلر کی نامزدگیاں ہوئیں تھی تاہم قرعہ ان کے نام نکلا۔

محمد رضوان نے سال 2021 میں مجموعی طور پر 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے جس میں انہوں نے 73 اعشاریہ 66 کی اوسط سے 1326 رنز اسکور کیے، جس میں ایک سنچری بھی شامل تھی۔

محمد رضوان نے گذشتہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، روایتی حریف بھارت کے خلاف انہوں نے ناقابل شکست 79 رنز کی اننگ کھیلی تھی جبکہ وکٹوں کے پیچھے 24 شکار بھی کئے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز ملنے پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی رضوان کو مبارکباددی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی ہی فاطمہ ثنا نے ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ۔ عمان کے ذیشان مقصود کو مینز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا جبکہ آسٹریا کی آندریا مائی زبیدہ کو ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More