فواد چوہدری سے مصری سفیر کی ملاقات، ڈرامہ،فلم اور دیگر امور پر گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈرامہ،فلم سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ کے درمیان ملاقات میں ڈرامہ، فلم سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے ۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کی فلموں اور ڈراموں کا ترجمہ کرنے کیلئے ڈبنگ سینٹرز کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان عظیم ثقافتی ورثہ موجود ہے ۔پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے لوگ مذہبی، ثقافتی اور بھائی چارگی کے رشتوں سے جڑے ہیں۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اس صورتحال میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔ افغان عوام کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا ۔اس ضمن میں مصر بھی اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین کے دوران افغانستان کے مسئلہ پر بھی بات کریں گے۔ مصری سفیر نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔مصر کے سفیر نے وقت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا شکریہ ادا کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More