فواد چودھری کو صحافیوں کے خلاف بیہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ فیک نیوز آپ کی پہچان اور جھوٹ آپ کاطرۂامیتاز ہے ،ایک سابق وزیر اطلاعات کو صحافیوں کے خلاف ایسا بیہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے ۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاکہ ٹوئٹ کرنے سے پہلے یہ تو جان لیتے کہ کوئی صحافی سرکاری خرچ پر نہیں جارہا۔ وزیراعظم کسی چارٹرڈ جہاز پہ نہیں جا رہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی کمرشل پرواز پر جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے ذاتی خرچ پر سعودی عرب جا رہے ہیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب دس سال تک بیرون ملک سفر کے اخراجات ذاتی جیب سے کرتے رہے لیکن سچائی اور پی ٹی آئی دو متضاد چیزیں ہیں۔ میڈیا نے چونکہ احسان کیا تھا،عمران صاحب نے چار سال اپنے شَر سے میڈیا کو اُس کا خوب بدلہ دیا۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ اقتدار میں تھے تو چینل، پروگرام اور کالم بند کراتے ،صحافیوں کی پسلیاں توڑتے تھے۔ اقتدار سے رسوا ہوکر نکلنے کے بعد اب الزامات کی گولیاں چلارہے ہیں۔ صحافیوں کو کبھی سازش میں ملوث کرتے ہیں تو کبھی دوروں کے جھوٹے ٹویٹ چلاتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ جو چار سال میں عوام کا آٹا، چینی، دوائی، روزگار، معیشت، بجلی، تیل گیس سب کچھ کھاگئے، انہیں صحافیوں کے کھانوں پر تکلیف ہورہی ہے۔ ایک ٹویٹ توشہ خانے کی گھڑی، ہار اور انگوٹھیوں پر بھی کردیں لیکن اس کے لئے ضمیر کا جاگنا شرط ہے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ چار سال عمران صاحب نے کفایت شعاری کا جو ڈرامہ کیا، وہ آج تاریخ کے سب سے زیادہ فسکل خسارے کی شکل میں سب کے سامنے، اس لئے اپنے لیکچر اپنے پاس رکھیں۔ بھینسوں کی نیلامی، انڈے مرغی کٹوں کے تماشے کرنے والے جھوٹ کی دکان چلانا بند کریں۔

واضح رہے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہاتھا کہ وزیراعظم شہبازشریف صحافیوں کے ہمرا سرکاری خرچ پرعمرہ کرنے جارہے ہیں۔اپنےٹوئٹ میں فواد چوہدری نےکہاجب عمران خان نے سرکاری اخراجات میں کمی کی پالیسی اپنائی تو بہت سارے صحافیوں نے ان کا مذاق بنایا۔اب سعودی عرب کے دورے میں پوراجہاز لے جایا جارہا ہے جس میں وہ صحافی بھی شامل ہیں جن پر وزیر اعظم ہاؤس کے کھابے کھل چکے ہیں۔وہ اللہ سے گناہ بخشوانےجائیں گے لیکن سرکاری خرچ پر۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More