مہنگائی مکاؤ مارچ کا نام ردالفساد یا ردالشیطان ہونا چاہئے، مریم نواز

گوجرانوالہ: مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو ہم مہنگائی مکاؤ مارچ کررہے ہیں اس کا نام ردالفساد ہونا چاہئے یا ردالشیطان ہونا چاہئے۔ عمران خان استعفیٰ دیں، گھر جائیں، اور ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دیں۔

رہنما مسلم لیگ نون حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے قوم کا ٹیکس کا پیسہ استعمال کرکے سیاسی جلسہ کیا۔ قوم کا ٹیکس کا پیسہ آپ کی ذاتی کمائی نہیں۔ کہ جلسوں میں استعمال کریں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جو آپ امربالمعروف کی بات کررہے ہیں، کیا لوگوں کے منہ سے نوالہ چھین لینا امربالمعروف ہے؟ کیا بدتمیزی اور بداخلاقی کے ریکارڈ بنانا امربالمعروف ہے؟ ڈیزل کی قیمت جتنی زیادہ عمران خان کے دور میں بڑھی ہے اس حساب سے ڈیزل کا جو نام ہے وہ عمران خان کے ساتھ منسوب ہونا چاہئے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں کو چوہا کہنے والے عمران خان آپ دو ہزار اٹھارہ میں سب سے بڑے چوہے تھے۔ جس نے ووٹ کی پرچی کو کترا۔ عمران خان وہ چوہا ہے جو لوگوں کا آٹا کھاگیا۔ لوگوں کا سکون کھاگیا۔ پاکستان کی ترقی کھاگیا۔ بچوں کا دودھ تک کھاگیا۔ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے پہلے اپنا ایل این جی اسکینڈل دیکھ لیں۔ جس میں آپ نے لوگوں کی جیب پر اربوں روپے کا ڈاکا مارا۔ عمران خان کے پاس ایک ہی ٹرمپ کارڈ ہے۔ استعفیٰ دیں، گھر جائیں، اور ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More