مولانا کی قیادت میں عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد: نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم مولانا کی قیادت میں عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں۔ عمران خان پارلیمنٹ، عوام اور اپنی پارٹی کا اعمتاد کھو بیٹھے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن کے مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کل ایک شخص پریڈ گراؤنڈ میں رو رہا تھا۔ عمران خان 10 لاکھ تو کیا 10 ہزار لوگ بھی جمع نہیں کرسکا۔ عمران خان نے سرکاری وسائل استعمال کئے۔ عمران خان اب اعتماد کھو چکا ہے۔

مریم نواز نے کہا جن کے دماغ اور دِلوں میں تکبر بھر جائے اُن کا یہی حشر ہوتا ہے جو عمران خان کا ہوا۔ عمران خان کے پاؤں جلے تو عثمان بزدار پر پاؤں رکھ دیا۔ اقتدار بچانے کے لئے عمران خان نے عثمان بزدار کو پانی میں دھکا دے دیا۔ دوپہر تک جو وسیم اکرم پلس تھا۔ شام کو اسے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ابھی تو ابتداء ہوئی ہے۔ آگے آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا۔

نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے کہا عمران خان نے جہانگیر ترین کا پیسہ کھایا۔ جہاز استعمال کیا، پھر جہانگیر ترین کا بھی نہیں بنا۔ علیم خان کا پیسہ کھایا۔ وقت آیا تو اُن کا بھی نہیں بنا۔ عمران خان کے شر سے آج تک کوئی نہیں بچا۔

مریم نواز نے کہا کہ خط میں لکھا تھا کہ امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔ خط میں لکھا تھا کہ ہم آپ کے خلاف عالمی سازش تیار کر رہے ہیں۔ عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ تم نے کون سے ایٹمی دھماکے کردیے کہ عالمی سازش ہوتی۔

مزید کہا کہ کیا عالمی طاقتوں نے آپ سے کہا تھا کہ ملک کو جادو ٹونے سے چلاؤ؟ عمران خان سے پوچھتی ہوں 22 کروڑ عوام نے کہا ملک کو جادو ٹونے سے چلاؤ؟ ملک میں تقرریاں اور تبادلے جادو ٹونے سے کئے جاتے ہیں یا فرح کو رشوت دینے سے کئے جاتے ہیں۔ عمران خان کی چوری ہوشربا داستانیں عوام کے سامنے آنے والی ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More