نوازشریف کو نااہل کرکے تاریخ کی سب سے بڑی ناانصافی کی گئی، مریم نواز

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ تیسری شہادت عدلیہ کے اندر سے میاں محمد نوازشریف کے حق میں آئی ہے ۔ سنا تھا کہ ظالم کی پکڑ ہوتی ہے پر پکڑ اتنی جلدی ہوگی یہ نہیں جانتی تھی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا تھاکہ پاکستان دنیا کا وہ ملک ہے جہاں مہنگائی منٹوں کے حساب سےہوتی ہے ۔ صبح دوپہر شام میں چیزوں کی قیمت تبدیل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا نوازشریف کو نااہل کرکے تاریخ کی سب سے بڑی ناانصافی کی گئی، شوکت عزیز صدیقی کی گواہی پر ہمیں انصاف ملنا چاہیے تھا مگر نہیں ملا۔

مریم نواز نے کہاکہ ثاقب نثار نے دوران ملازمت ایجنڈے کے تحت مسلم لیگ ن کے رہنماؤ ں کو توہین عدالت کی کارروائی کا نشانہ بنایا، مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار کو شیر کے نشان پر الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیاگیا۔

لیگی رہنما مریم نوازنے امیدظاہر کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ ازخود نوٹس کیس میں قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔

میڈیا کی ریگولیشن کی سخت مخالف کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کسی ملک کی آزادی کا اصل تعین میڈیا کی آزادی سے کیا جا سکتا ہے ۔ آئین شکن قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آئین کی حفاظت کرنے والی قوتیں متحد ہوں ۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایات پرمثبت رپورٹنگ کرنے والوں نے اب بھی ہاتھ اٹھا لیے، آج ملک میں سچ اور حق کی بات کرنے والوں کو غدار کہا جاتا ہے، حکومت عوام کیلئے کچھ کرتی تو ان قدغنوں کی ضرورت نہ ہوتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More