احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبریں جھوٹ ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا ۔ کہتے ہیں شہبازشریف نےواضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے لیگی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اس پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے اور میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے گا۔اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے اور جو عوام کے لئے فراخ دلی اوراُن کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔ آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کے لئے استعمال نہیں کرتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More