تازہ ترین
زرتاج گل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ

زرتاج گل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد:(03 اگست 2020)اسلام آباد ہائی کورٹ نے مرغزار چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی میں کوتاہی برتنے پر وزیرمملکت زرتاج گل اور معاون خصوصی امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عدالتی حکم کے باوجود چڑیا گھر سے ریچھوں کو منتقل نہ کئے جانے کے خلاف کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت معزز چیف جسٹس نے شیر اور شیرنی کی ہلاکت پرایکشن لیتے استفسار کیا شیروں کے ساتھ کیا ہوا؟، جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیر اور شیرنی کو لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، منتقل کرنے کے لئے پروفیشنلز کی خدمات لی گئی تھیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے تعین کیا تھا کہ اگر کسی جانور کو کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا، وفاقی حکومت نے جانوروں کی منتقلی کے لئے بورڈ تشکیل دے کر نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا تھا،وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی، معاون خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی بورڈ ممبران میں شامل تھے لیکن اب متعلقہ اداروں میں سے کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں،وزارت موسمیاتی تبدیلی، ایم سی آئی اور وائلڈ لائف بورڈ صرف سیاست کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کیا تمام ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی، کیوں نہ ان تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے جو ریاستی نمائندے جانوروں کا خیال نہیں رکھ سکتے وہ انسانوں کا کیا خیال رکھیں گے،بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ کو کل طلب کرلیا ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top