تازہ ترین
شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں سات جولائی تک توسیع

شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں سات جولائی تک توسیع

لاہور:(29 جون 2020)لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کےدو رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کورونا کی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں ، 14 دن گزرنے کے باوجود شہباز شریف کو کورونا کی علامات ہیں ، وہ کینسر کے مریض ہیں ان کی ریکوری آہستہ ہوتی ہے۔

جس پرنیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے عدالت کو بتایاکہ شہباز شریف کو 25 جون کو کرونا کا ٹیسٹ کروانا تھا لیکن نہیں کرایا گیا، شہباز شریف نے تو اب تک ضمانتی مچلکوں پر بھی دستخط نہیں کیے، شہباز شریف کی عدم موجودگی میں کیس سن کر فیصلہ کر دے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد سات دن تھے، ان 7 دنوں میں مچلکوں پر دستخط کیوں نہیں کرائے گئے، جب شہباز شریف نے ٹیسٹ ہی نہیں کرایا تو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ابھی بھی کرونا کے مریض ہیں۔

بعد ازاں ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ شہباز شریف دو جولائی کو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سے کورونا ٹیسٹ کرائیں اور انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سائنسز کے ڈائریکٹر شہباز شریف کی کورونا کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔

Comments are closed.

Scroll To Top