خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو گندہ کردار قرار دے دیا

سکھر :پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے کردار کو ڈرٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے آج تک گڑ بڑ ہوئی ہے اور پارلیمنٹ کی اہمیت کم ہوئی ہے ۔

سکھر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے کردار کو گندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے پہلے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے۔تحریک عدم اعتماد کیلئے ایم کیو ایم یا مسلم لیگ ق کی ضرورت نہیں ہے۔ تحریک انصاف میں محب الوطن بھی موجود ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کی جارہی ہے کہ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے دوران عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے بہرحال فیصلہ ایک دو روز میں عوام کے سامنے آجائے گا ۔اسلام آباد میں لانگ مارچ کے بعد جلسہ کیا جائے گا جس میں مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے درمیان رابطے جاری رہنے چاہییں ۔ ریاست پر جب بات آئے تو عمران خان سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ ریاست کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ شیخ رشید آجکل خاموش ہیں ان کے لیے کچھ بول کر اس کا مخالف نہیں بننا چاہتا۔

خورشید احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اس وقت جب یوکرین پر حملہ کیا جارہا ہے اس وقت روس کا دورہ نہیں کرنا چاہیئے تھا اس سے دنیا میں تاثر جائے گا کہ اس حملے میں ہم بھی شریک ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More