تازہ ترین
سری نگر ہماری منزل ہے،وزیرخارجہ

سری نگر ہماری منزل ہے،وزیرخارجہ

اسلام آباد:(31 جولائی 2020) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ ہماری نظر سری نگر پر ہے،سری نگر ہماری منزل ہے،آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، شبلی فراز اور معاون خصوصی معید یوسف نے پریس کانفرنس کی،اس موقع پر وزیر خارجہ نے تاریخی الفاط ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کو یک جہتی کا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں، حق خود ارادیت کے مقصد کے لیے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے کشمیری لیڈ کریں ہم ان کے پیچھے کھڑے ہیں، کشمیریوں کی ترجمانی اور ان کی آواز دنیا میں اٹھائیں گے، مایوس نہیں کریں گے، ہماری نظر سری نگر پر ہے، کشمیر ہائی وے کا نام پانچ 5 اگست سے سری نگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سری نگر تک لے کر جائے گی، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کشمیریوں کی جدوجہد کا نیا موڑ ہے، بھارت نے جموں و کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کیا لیکن کشمیریوں نے یہ غیر اخلاقی عمل ذہنی طور پر تسلیم نہیں کیا، پانچ اگست کو بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے ایکشن پلان مرتب کیا ہے،اس دن ہم یوم استحصال منائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اجاگر کیا، کل ہم ہوں نہ ہوں، پاکستان کے وزیر خارجہ کا موقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے، ایک سال میں مسئلہ کشمیر 3 بار سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، ہیومن رائٹس کونسل جینیوا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے بھارت کی غاضبانہ پالیسی پر تنقید کی گئی ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top