کراچی میں نئےسال کے ساتھ ہی ڈاکوؤں کا راج

کراچی: نئے سال کے شروع ہوتے ہی کراچی میں ڈاکو دندناتے رہے۔ مزاحمت پر پولیس اہلکار سمیت گیارہ افراد جان سے گئے۔ پچپن سے زائد شہری مزاحمت پر زخمی کردیئے گئے جبکہ پولیس بے بس نظر آئی۔ سینکڑوں لوگ گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور موبائل فون سے محروم کر دئیے گئے۔

کراچی میں نئےسال کے ساتھ ہی ڈاکوؤں کا راج رہا۔ پولیس اہلکارسمیت گیارہ شہری زندگی کی بازی ہار چکے ہیں،جنوری میں دس گاڑیاں چوری ایک سو پینتیس چھین لی گئی،اسی ماہ میں شہر میں 319 موٹر سائیکلیں چوری جبکہ 3099 اسلحے کے زور پر چھینی گئی،جنوری میں تقریبا دو ہزار افراد کو موبائل فون سے محروم کیا گیا۔

سال کے پہلے دن سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا میں ڈاکووں نے پولیس اہلکار برکت علی کو قتل اور انور کو زخمی کردیا۔ دس جنوری کو دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے۔ بارہ جنوری کو ماں اور بہن کے سامنے دولہے کو ماردیا گیا۔ ڈاکو پولیس والا نکلا جس نے خود بھی خودکشی کرلی۔ اسی روز ہندو تاجر سمیت دو افراد کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

چودہ جنوری کو سیکیورٹی گارڈ کو ہلاک اور کیشئر کو زخمی کردیا گیا۔ اٹھارہ جنوری کو فیڈرل بی ایریا میں ڈاکووں نےماں اوربیٹے کو گولیاں ماردیں۔ انیس جنوری کو کورنگی ویٹا چورنگی کےقریب ڈاکوؤں نے بھائی کے سامنے بھائی کو فائرنگ کرکے ابدی نیند سلادیا۔

جنوری میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر پولیس اہلکار،نیوی کےریٹائرڈ افسراور لڑکی سمیت پچپن سے زائد افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ شہری کروڑوں روپے،موبائل فونز، قیمتی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور سونے کے زیوارت سے محروم ہوگئے۔

فروری میں بھی یہ وارداتیں تھم نہ سکیں،،یکم فروری کو ڈیفنس فیز 2 ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر کار سوار فیملی کو لوٹ لیا،گلستان جوہر میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے بائیک پر بیٹھے شہری کو لوٹ کر چلے گئے، عزیزآباد بلاک ٹو میں ملزمان نے شہری سے موٹر سائیکل چھین لی،دو فروری کو ڈی ایچ اے فیز ٹو میں ڈیفنس پولیس نے بروقت کاروائی کر کے پولیس یونیفارم میں ملبوس جعلی اہلکار گرفتار کر لیا،اورنگی ٹاؤن سیکٹر گیارہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

تین فروری کو کراچی کے علاقے داؤد پوتا روڈ انڈر بائی پاس میں ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ آرٹلری میدان میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں مدعی نے بتایا کہ ساڑھے تین کروڑ روپے کی رقم لوٹی گئی۔

آج کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کو گولی مار دی۔ ڈاکوؤں نے اسٹیڈیم گیٹ نمبر دس کے قریب شہری کو روک کو لوٹ مار کی۔ ڈاکو شہری کو زخمی کرنے کے بعد بھی موبائل،نقدی اور قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More