جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات جاری ہیں۔ جنید صفدر اور عائشہ سیف الرحمان خان کی مایوں میں دونوں خاندانوں نے بھرپور شرکت کی جبکہ مریم نواز نے گانا بھی گنگنایا۔

اسلام آباد میں جنید صفدر کی مایوں کا پروگرام مسلم لیگ ن کے رہنما عباس آفریدی کے فارم ہاؤس پر منعقد ہوا جبکہ جنید صفدر کی اہلیہ عائشہ سیف الرحمان کی مایوں کا پروگرام سیف الرحمان کے چک شہزاد میں فارم ہاؤس پر منعقد کیا گیا۔

جنید صفدر اور اہل خانہ مہندی لے کر عائشہ سیف الرحمان کے گھر پہنچے۔ پروگرام میں مہمانوں اور شریف خاندان کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ مریم نواز نے جنید صفدر کو مایوں بٹھایا اور شادی کے گانوں سے بھی خوب لطف اٹھایا اور گانا بھی گنگنایا۔

گزشتہ کئی روز سے جنید صفدر کی شادی کی تقاریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ اب سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ ایک تقریب میں شریک ہیں۔

ویڈیو میں مریم نواز شادی بیاہ میں گایا جانے والا روایتی گیت ’میرے نیہر سے آج مجھے آیا یہ پیلا جوڑا، یہ ہری ہری چوڑیاں‘ گارہی ہیں۔ اس دوران مریم نواز اور دیگر خواتین کو مہندی کی پلیٹیں اٹھائے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

فارم ہاؤسز کو رنگ برنگے برقی قمقوں سے سجایا گیا تھا۔جنید صفدر 14 دسمبر کی شام باراتیوں کے ہمراہ سیف الرحمان کے فارم ہاؤس جائیں گے۔ عائشہ سیف الرحمان کی 14 دسمبر کو رخصتی ہوگی۔جنید صفدر اور عائشہ سیف الرحمان کی دعوت ولیمہ کا انعقاد 17 دسمبر کو جاتی امرا میں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے بیٹے کی شادی کے موقع پر سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں اور پوری طرح بیٹے کی شادی میں شریک ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More