وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس

انقرہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ اور مقاصد پر مبنی ہیں اور یہ تعلقات نسل در نسل جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر اردوان سے ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ترک صدر کی فعال قیادت میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچیں گے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو بڑھانے کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا جس سے دونوں ممالک کو اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع ملے گا۔صدر اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More