عمران خان کے دورہ روس کو تحریک عدم اعتماد سے جوڑنا غلط فہمی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ روس یوکرین معاملے پر کل بھی نیوٹرل تھے اور آج بھی ہیں، جنگ کی وجہ سے ہمیں فوڈ سکیورٹی کا چیلینج درپیش ہے، مہنگائی کی صورت میں لڑائی کا پاکستان کے عوام سمیت دنیا بھر کو نقصان ہورہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کو اس کے خلاف عدم اعتماد سے جوڑنا بہت بڑی غلط فہمی ہے، اس کا ثبوت ہے روس یوکرین تنازعہ میں عمران حکومت کی طرح ہم بھی غیرجانبدار ہیں، اگر دورہ روس پچھلی حکومت جانے کی وجہ ہوتی تو اس جنگ بارے ہمارا موقف مختلف ہوتا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین معاملہ پر پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے، روس یوکرین جنگ سے پہلے پاکستان یوکرین سے کھاد، گندم اور دیگر غذائی اجناس خرید رہا تھا، جنگ کی وجہ سے ہمیں مزید فوڈ سیکیورٹی کا چیلینج درپیش ہے، ہم چاہتے ہیں تنازع فریقین کے درمیان سفارتکاری اور بات چیت سے حل ہو، چاہتے ہیں یہ جنگ جلد ختم ہو، مہنگائی کی صورت میں اس جنگ کا پاکستان کے عوام سمیت دنیا بھر کو نقصان ہورہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی، اس منصوبے میں پابندیوں کو مدنظر رکھ کر مثبت پیشرفت چاہتے ہیں، پاک ایران تعلقات میں کافی گنجائش موجود ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More