مہنگائی میں مزید اضافہ، شرح 14.48 فیصد کی سطح پرپہنچ گئی

اسلام آباد: ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ تین آٹھ فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہےجبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 14.48 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ملک میں 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 28 روپے 56 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی اوسط قیمت 93 روپے77 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ گھی کی فی کلوقیمت 6 روپے67 پیسے اضافے کے بعد 356 روپے 52 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔

اعداد و شمارکے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں 42 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوسط قیمت 100 روپے 75 پیسے ہوگئی جب کہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اور انڈے کی فی درجن قیمت میں 2 روپے 21 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق انڈے کی فی درجن قیمت 170 روپے 40 پیسے، بیف 3 روپے، مٹن 95 پیسے، آلو 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 154 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 321 روپے 46 پیسے ہو گئی ہے۔ دودھ، دہی، چاول، صابن، ڈبل روٹی اور دال ماش بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More