عمران خان کی آصف زرادری سے رابطے کی تر دید

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے عدم اعتماد کے دوران آصف زرادری سے رابطے کی تردید اور ملک ریاض کے درمیان گفتگو سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 سال سے کہہ رہا ہوں کہ آصف زرادری اور ن لیگ ایک ہی ہے۔

پشاور میں ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس دن اسمبلی میں واپس گئے اس کا مطلب امپورڈٹ حکومت کو تسلیم کرنا ہے لہٰذا اب کسی رکن کو انفرادی طور پر اسمبلی جانے کی ضرورت نہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اسمبلیوں سے مستعفی ہوچکے ہیں، قومی اسمبلی کے فلور پر اسپیکر کے سامنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، اس لیے استعفوں کی تصدیق کے لیے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

چیئر مین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ تھا اور پیغام بھیجا گیا کہ اپنے ملک کا سوچیں۔ پیغام کس کی طرف سے آیا تھا یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے زیر اثر مخصوص لابی مسلم ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کے پیچھے کوئی ڈیل نہیں ہے، لانگ مارچ ختم نہ کرتا تو خون خرابہ ہوتا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More