عمران خان نے مولانا، شہباز اور زرداری کی اصلیت بیان کی، فرخ حبیب

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خا ن نے چوروں،ڈکیتوں اور ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہوا ہے۔ تحریک عدم اعتماد جمع کراکے تینوں کرپٹ لوگ بند گلی میں پھنس چکے ہیں۔

مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب کی حکومت پر تنقید پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ آج عمران خان نے تینوں کی اصلیت بیان کی ہے۔ ابھی تو ان کی اور چیخیں سننے کو ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی تو اپنے اوپر فرد جرم عائد کیوں نہیں ہونے دیتے۔ہر دفعہ شوباز سماعت میں التواء لینے کیوں پہنچ جاتے ہیں؟۔ جو چوری کرتا ہے وہ فرد جرم سےبھاگتا ہے۔شہباز شریف نے یہ ثابت کر دیا ہے۔شہباز شریف سمیت تمام چوروں کی آخری آرام گاہ جیل ہی ہے کیونکہ انہوں نے ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگی قیادت ایک مہینے میں کتنے غیر ملکی سفارتکاروں سے ملی اور اس میں کیا طے پایا ہے قوم کو بتایا جائے۔پہلے آئی ایف ایم پاس نہیں گئے تو کہتے تھے بہت دیر کر دی جاتے جاتے اور اب جب عوام کو ریلیف دیا تو کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف پروگرام سے باہر نکل رہے ہیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دن رات عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ماضی میں ان کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ ملکی خزانے کو شدید نقصان پہنچا۔ ماضی کی حکومتوں کے قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لئے حکومت کو نئے قرض لینے پڑے،تمام اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More