عمران خان نے عوام کا معاشی قتل کیا، وزیراطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام نے سازش اور تخریب کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔عوام وہ سیاست تسلیم کرتی ہے جو ان کے مستقبل کو محفوظ کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حیران کن اور تہلکہ خیز انکشافات کیے کہ وہ اسلام آباد تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے۔ عمران خان کی تیاری صرف گولیاں اور بارود جمع کرنے میں تھی کیونکہ ان کے کارکنوں کے گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ ان کا مقصد خیبر پختونخوا اور وفاقی پولیس کو گتھم گتھا کرنا تھا اور چند لوگ جو گھروں سے نکلے ان کے پاس اسلحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نکلے تھے۔ عمران خان کو جس نے پریس کانفرنس کا مشورہ دیا اس نے ان کے ساتھ زیادتی کی اور وہ کون سی رکاوٹ تھی جس نے آپ کو روکا ؟ جو پولیس اہلکار شہید ہوئے کم ازکم اس کے گھر تو آپ جاتے۔ آپ کی وجہ سے آج 5 بچے یتیم ہوئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر آنے کے بعد رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں لیکن کبھی تیاری بہانہ اور کبھی 6 دن بعد واپس آنے کا الٹی میٹم دیتے ہو۔ عوام نے سازش اور تخریب کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور عوام وہ سیاست تسلیم کرتی ہے جو ان کے مستقبل کو محفوظ کرے۔ اسلحہ لے کر انقلاب کا نعرہ لگانے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 سال آپ نے اقتدار میں رہ کر عوام کا معاشی قتل کیا ہے ۔ آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط عمران خان نے کیے ہیں۔ اگر پیٹرول کی قیمت آج بڑھی ہے تو اس کافیصلہ آپ کر کے گئے تھے جبکہ اتحادی حکومت پہلے دن ہی پیٹرول مہنگا کر سکتی تھی لیکن نہیں کیا۔ ڈالر کی قیمت 189 پر آپ نے پہنچائی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی بھی 18 رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں۔ آپ نے پولیس پر تشدد کروایا اور میٹرو اسٹیشن جلا دیئے جبکہ آپ کی کال پر لوگ نکلے اور بلیو ایریا میں درختوں کو آگ لگا دی۔ عمران خان اب اپنی ناکامیوں کا بوجھ اٹھانا شروع کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More