عمران خان سازش کا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پر سخت رد عمل کہتی ہیں عمران خان سازش کا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عمران خان نے کئی دن تک مراسلے کو کیوں چھپائے رکھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ عمران خان نے 4 سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا۔ جب اتحادی چھوڑ کرجانے لگے تو عمران خان کو سازش نظر آنے لگی۔

مریم اورنگزیب نےکہا کہ عمران خان بتائیں کہ وہ سازش کرنے والے ملک کے نمائندوں سے کیوں ملتے رہے۔ عمران خان کا سازش کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔ وہ عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں۔ قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ ان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا۔ اب وہ انتظار کریں الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے والا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔ عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کو ذاتی کاروبار کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا محور محمد نواز شریف ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کوکامیاب بنانے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں کمیشن کھانے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔ عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے جلسوں ،ر یلیوں کو سکیورٹی بھی فراہم کریں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More