عمران خان نے نواز شریف اور زرداری کو ملک کے لیئے سیکیورٹی رسک قرار دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے۔ سیلاب متاثرین کے لیئے انہوں نے ایک بار پھر ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کیا۔

فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018 میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بے روزگاری تھی، پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جارہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، کسانوں کو شوگر ملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی، ساڑھے 3 سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف نے 50 سال کے بعد 10 ڈیمز بنائے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے، ایک صنعتی شہر ہے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، کرپٹ لوگ چوری کر کے ملک کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، سیلاب متاثرین کیلئے جلد دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا، اگر آئی ایم ایف قرض دیتا ہے تو شرائط سخت ہوتی ہیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔

عمران خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے، حسین نواز کہتے ہیں لندن میں فلیٹس ہمارے ہیں، ہم نے دولت میں اضافہ کیا اور کرپشن کم کرائی، اقتدار میں آتے ہی ان لوگوں نے 1100 ارب روپے معاف کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو پاور پلانٹ دنیا میں 100 ارب کے بنے وہ یہاں 130 ارب روپے کے بنے، شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے ملک کا پیسہ لوٹ رہے ہیں، ان کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، مشرف نے ان دونوں کو این آر او دے کر ملک پر بہت ظلم کیا، ان پر جب مشکل آتی ہے تو یہ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، میری قوم سمجھ جاؤ 30 سال سے آپ کو لوٹا جا رہا ہے، ان دونوں خاندانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے، 20سال یہ ایک دوسرے کو چور کہتے رہے لیکن جب تحریک انصاف کی سونامی آئی تو یہ دونوں اکھٹے ہو گئے۔

عمران خان نے شریف اور زرداری کو ملک کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی وجہ سے ملک میں استحکام آئے گا، یہ لوگ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو ان کا نام ونشان مٹ جائے گا۔ انہوں ںے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ مہنگائی بڑھے گی، بجلی مزید مہنگی ہو گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More