ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، عمران خان

ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے۔امریکا کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا۔ میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں آپ لوگوں کےپاس ایک خاص مقصدکیلئےآیاہوں۔ آج مخالفین لوگوں کایہ جم غفیردیکھ لیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تم بھکاری ہو، غلام ہو، ڈاکو ہو، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں۔ تم بھکاری ہو، تم غلام ہو، میری قوم نہیں۔ اسلام آباد میں عوام کا جنون آنے والا ہے۔ 20لاکھ سےزائدلوگ اسلام آبادآئیں گے۔ ان کو آپ کے جنون کا خوف ہے۔ امریکا سے ساز باز کرکے ہمارے اوپر مسلط ہونے والے چوروں کو عوام کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ لوگ کبھی بھی امپورٹڈحکومت کوتسلیم کرنےکوتیارنہیں۔ یہ لوگ جہاں بھی جائیں گے، ضمیر فروش اور غدار کے نعرے لگیں گے۔ قوم بیدار ہے، بڑے تو بڑے اسکول کے بچوں کو بھی پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے۔

مریم نواز کو نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ محترمہ فرماتی ہے لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں۔ جو شریف خاندان نے جھوٹ بولے میں نے کبھی کسی کو ایسے بولتے نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا۔سازش میں یہاں کے میر جعفر اور میر صادق شامل تھے ۔ میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کو تیار نہیں تھا۔ میں کبھی امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا۔ امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوگئے۔ میں کیوں امریکا کی جنگ میں اپنے لوگوں کو قربان کروں۔ روس اس لیے گیا، کیونکہ روس ہمیں 30 فیصد سستا تیل دے رہا تھا۔ روس سے ہمیں 20 لاکھ ٹن گندم خریدنی تھی۔


سابق وزیراعظم نے حکومتی اراکین کے مقدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے ان کے سولہ ارب روپے پکڑے ہیں۔ عدلیہ سے پوچھتا ہوں سو موٹو نوٹس لیا، رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں ۔ ملک کے سولہ ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کررہے۔ جب کسی چور ،ڈاکو کو انصاف کا نظام نہیں پکڑ سکتا وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے۔ جب چوری کرکے ملک سے پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو روپے کی قدرگرتی ہے۔جب سے یہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر گررہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، بار بارکہتا ہوں، نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More