مہنگائی کا شور مچانے والوں کی کوئی تیاری نہیں تھی، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کا شور مچانے والوں کی کوئی تیاری نہیں تھی، انہوں نے عام آدمی کا معاشی قتل کر دیا۔

؎حکومت کی جانب سے ’سپر ٹیکس‘ عائد کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس ٹیکس سے مزید مہنگائی ہوگی اور متعدد انڈسٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں اور کئی صنعتوں نے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔ سپرٹیکس سے کارپوریٹ ٹیکس 40 فیصد ہوجائے گا جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں یہ ٹیکس 25 فیصد ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے میں حکومت رکے گی نہیں کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر 50 روپے فی لیٹر قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کردیا ہے اور اس پر سپر ٹیکس سے چیزیں بنانے کا خرچہ اور انڈسٹری پر بوجھ بڑھے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مشکل کا شکار تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھادیا ہے۔ ایک بات تو واضح ہوگئی کہ ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کی کوئی حکمت عملی نہیں تھی۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس سے تنخواہ دار طبقہ ویسے ہی پریشان ہے اور اب زراعت کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے ایک لاکھ تنخواہ دار کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب انہوں نے 50 ہزار روپے تنخواہ دار پربھی ٹیکس لگادیا ہے۔

سابق وزیرا عظم نے کہا کہ ہم موجودہ لوگوں پر ٹیکس نہیں ڈالنا چاہتے تھے لیکن ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے تھے اور اس کے لیے اپریل سے ہم نے لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لانے کا پروگرام بنایا تھا، ٹیکس نیٹ میں ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب میں ترامیم کے نام پر ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا گیا، نیب ترامیم صرف اس ملک کی تباہی ہے، پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے، یہ جو کرنے جا رہے ہیں وہ تباہی ہے، ان کی ترامیم میں صرف اور صرف ملک کی تباہی ہے۔،

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نےخود کو بچانے کے لیے تمام قوانین ختم کردیئے، انہوں نے کرپٹ افراد کو چھوٹ دیدی ہے، طاقتور لوگ سب سے زیادہ پیسہ چوری کرتےہیں، انہوں نے اپنی چوری بچانے کیلئے ہمارا انصاف کا نظام برباد کیا، انہوں نے پاکستان کا مستقبل اندھیرے میں ڈال دیا ہے، نئے قانون کے مطابق میں کرپشن کروں تو مجھے کوئی نہیں پکڑے گا، اب صرف سائیکل اور بھینس چور ہی پکڑےجائیں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ حکومت اپنے منصوبوں میں کامیاب ہوگئی تو ملک تباہ ہوجائےگا۔

چیئرمین عمران خان نے 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسے سے خطاب کروں گا جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد سے لوگ جمع ہوں گے جبکہ آپ اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے جلسوں میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ یہ ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More