لیگی رکن اسمبلی پر قاتلانہ حملہ عمران نے کروایا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے گوجرانولہ سے رکن پنجاب اسمبلی بلال تارڑ کے ڈیرے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلال تارڑ پر قاتلانہ حملہ عمران صاحب کے حکم پر کیاگیا ۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی گوجرانولہ میں رکن اسمبلی بلال تارڑ کے ڈیرے پر پی ٹی آئی کی طرف سے فائرنگ کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلال تارڑ پر قاتلانہ حملہ عمران صاحب کے حکم پر کیاگیا تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بلال تارڑ کی جان محفوظ رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلال تارڑ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔پولیس دہشت گردوں کو گرفتار کرے اور قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے ۔ عمران خان ملک اور عوام کے خلاف اپنے جرائم پر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معیشت کی جان لینے والے اب سیاسی مخالفین کی جان لینے پر اتر آئے ہیں۔اپنے لئے وزیراعظم کی سکیورٹی کی بھیک مانگنے والے عمران صاحب دوسروں کی جان لینے کے درپے ہیں۔اسلام آباد کو آگ لگانے والوں کے دل سیاسی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں ۔گالیوں والے اب گولیاں چلانے پر اتر آئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران صاحب نے فسادی مارچ میں عبرت ناک رسوائی سمیٹنے کے بعد دہشت گردی کی راہ اختیار کر لی ہے۔معیشت اور عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی کرنے والوں کی فسادی سیاست عوام نے دفن کر دی ہے۔عمران صاحب سیاسی مخالفین کی جان لینے کی منفی سوچ چھوڑیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More