بھارت، اسرائیل اور امریکا مضبوط پاکستان نہیں دیکھنا چاہتے،عمران خان

بونیر: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا مضبوط پاکستان نہیں دیکھنا چاہتے، نریندر مودی جس نے مسلمانوں پر سب سے زیادہ ظلم کیا، اس شخص کو ن لیگ نے شادی پر بلایا، ڈونلڈ لو نے دھمکی دی کہ عمران خان کو نہ ہٹایاگیا تو پاکستان کے لیے مشکلات ہوں گی۔

بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر غداری کا مقدمہ چلانے کی بات ہورہی ہے، ایک لٹر پیٹرول ہمارے ساڑھے تین سال میں 56 روپے 90 پیسے اور ان کے دو ماہ میں 60 روپے مہنگا ہوا، لوگوں پر بجلی کی قیمت کا بم گرایا جا رہا ہے، انہوں نے دو ماہ میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کیا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں آٹا، گھی، پیٹرول، ڈیزل، چاول، پھل اور سبزیوں کا موازنہ بھی پیش کیا۔

عمران خان نے کہا ہمارے ساڑھے تین سال میں ایک کلو چاول پرچالیس روپے بڑھے تھے ان دو ماہ میں پچپن روپے بڑھ گئے ہیں۔ بیس کلو آٹا ہمارے دور میں تین سو چھبیس روپے مہنگا ہوا ان کے دو ماہ میں چار سو بائیس روپے بڑھ گیا۔ ہمارے ساڑھے تین سال میں پیٹرول چھپن روپے نوے پیسے بڑھا جبکہ ان کے صرف دو ماہ میں ساٹھ روپے بڑھ گیا۔ عمران خان نے بجلی، ڈیزل، پھل، سبزیوں اور دوسری اشیا کا موازنہ بھی پیش کیا۔ بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوءے عمران خان نے کہا ہم نے آئی ایم ایف کادباؤ برداشت کیا لیکن عوام پر بوجھ نہیں بڑھایا۔ یہ لوگ باہر سے ڈکٹیشن لیتے ہیں کیونکہ ان کے پیسہ، کاروبار، گھر اور بچے باہر ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے ہندوستان کے کاروبای طبقے سے گہرے تعلقات ہیں، نواز شریف نے کبھی مودی کے خلاف ایک بات نہیں کی، نواز شریف کے منہ سے کبھی کلبھوشن کا نام نہیں نکلا۔ آئی ایم ایف ہم سے بھی قیمت بڑھانے کا کہہ رہا تھا، ان کا پیسہ اور بچے باہر ہیں، ان کو یہاں مہنگائی سے کیا فرق پڑتا ہے، ہم نے بجلی کی قیمت بڑھنے سے روکی، پیٹ کاٹ کر عوام کو بچایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک بھی نجی دورہ نہیں کیا، میرا گھر پاکستان ہے، یہ امریکا اور آئی ایم ایف کے غلام ہیں، یہ باہر سے ڈکٹیشن لیتے ہیں، اگر میرا پیسہ بھی باہر پڑا ہوتا تو میں ان کو ایبسولوٹلی ناٹ نہیں کہتا، یہ کبھی ان کے سامنے بات نہیں کرسکتے۔عمران خان نے کہا کہ پیٹرول پر ساٹھ روپے لٹر ایک ہفتے میں بڑھا دیں اور عام آدمی کا نہیں سوچا گیا، ڈالر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی آئے گی، روپے کی قدر میں تیس فیصد کمی ہوئی ہے،2 ماہ میں ایکسپورٹس میں 10 فیصد کمی آگئی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More