ملک غیرمستحکم ہوا تو یہ لوگ سنبھال نہیں سکیں گے،عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیوٹرلز کو بتادیا ملک غیرمستحکم ہوا تو یہ لوگ سنبھال نہیں سکیں گے۔ دھمکی آمیزمراسلہ پاکستان کی توہین ہے، صحیح معنوں میں اس کی تحقیقات ہوگئیں توملک کا بہت فائدہ ہوگا این آر او سے قوم تباہ ہوجاتی ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بارکے زیراہتمام سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اس لیے بنا تھا کہ مسلمانوں کو آزادی حاصل ہوگی اس لیے نہیں بنا کہ ایک غلامی سے نکل کردوسری غلامی میں چلے جائیں۔ ہم نے نیوٹرل سے کہا کہ اچھا ہے آپ نیوٹرل رہیں لیکن آپ نیوٹرل رہے تو ملک کا نقصان ہوگا، نیوٹرلز کوبتادیا کہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوا تو یہ لوگ اسے سنبھال نہیں سکیں گے۔

عمران خان نے لاہورہائیکورٹ کے حمزہ شہبازسے متعلق فیصلے پرکہا کہ اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں پانچ مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا رہا۔ انہوں ںے یہ بھی کہا کہ اب پھرسے ضمنی الیکشن میں مداخلت کی جا رہی ہے، ہمارے امیدواروں کو نامعلوم نمبرسے فون کرکے ٹکٹ نہ لینے کا کہا جا رہا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے کون کون امریکن ایمبیسی جا رہا تھا؟ سارے لوٹے امریکن ایمبیسی جا رہے تھے، جب وزیراعظم بنا تب ہی بتا دیا تھا یہ سارے چوراکٹھے ہو جائیں گے، ایک سال سے مجھے معلوم تھا میری حکومت کے خلاف کچھ ہورہا ہے ہاں صرف ایک بات پر یقین نہیں آتا تھا کہ شہباز شریف کو کیسے وزیراعظم بنادیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہرسال 1700 ارب ڈالرغریب ممالک سے چوری ہوکرباہرچلا جاتا ہے جب کہ غریب ممالک کا 7 ہزارارب ڈالر پیسہ باہر آف شور کمپنیز میں پڑا ہے۔ این آر او سے قوم تباہ ہوجاتی ہے ۔۔عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست دنیا کی تاریخ میں بڑے انقلاب کا نام ہے، مدینہ کی ریاست میں رول آف لاء تھا، نبی پاک ﷺ نے فرمایا میری بیٹی بھی چوری کرے گی تو سزا ملے گی ۔ ریاست مدینہ ایک انقلاب تھا، مدینہ کی ریاست نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت تھی۔ قائد اعظم نے اس وقت بھانپ لیا تھا کہ بھارت مودی کا ملک بن جائے گا ہم نے رحمت العالمین اتھارٹی بنائی تاکہ ہمارے بچوں کو پاکستان بننے کی وجہ پتہ چلے، اللہ ہمیں نبی پاک ﷺکی زندگی سے سیکھنے کا حکم ہماری بہتری کے لیے دیتا ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More