عمران خان نے آج ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔ عمران خان نے کہا کہ آج رات 9 بجے احتجاج سے خطاب کروں گا۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ جرائم کے بادشاہ زرداری اور شہباز شریف نے این آر او ٹو حاصل کیا، زرداری، شہباز لوٹی رقم ایم پی ایز کو خریدنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ایسا کرکے یہ قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں اور آئین کی بےحرمتی کر رہے ہیں، لوگ آپ کو پنجاب میں اپنا مینڈیٹ چرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امپورٹڈ حکومت نےضمنی الیکشن میں ریاستی مشینری سے دھاندلی کی کوشش کی۔

عمران خان نے کہا کہ آج عوام اپنا مینڈیٹ بچانے کے لیے ملک بھر سے نکلیں، احتجاج کے لیے نکل کر مینڈیٹ کا تحفظ کریں۔ چوروں کے ٹولے، ہینڈلرز، الیکشن کمیشن کو واضح پیغام ہے، عوام پنجاب میں اپنا مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے احتجاج کے مقامات کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ‏پاکستان کے عوام اب کسی کو حرام کا پیسہ استعمال کر کے عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

جاری کردہ ٹوئٹ میں اسد عمر لکھتے ہیں کہ آج رات 8 بجے لبرٹی چوک لاہور، ایف 9 پارک اسلام آباد میں مظاہرہ ہو گا۔جبکہ کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ میں بھی سیاست دانوں کے ضمیر کی منڈی کے خلاف مظاہرہ ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More