تازہ ترین
بھارتی جاسوس کو دوبارہ وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کی جائے، عدالت

بھارتی جاسوس کو دوبارہ وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کی جائے، عدالت

اسلام آباد:(03 اگست 2020)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھارتی حکومت اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کو ایک بار پھر وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلبھوشن یادیو وکیل مقرر کرنے سے متعلق کیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تو اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل دیئے۔

اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ ہمیں کلبھوشن کیس کا پس منظر بتائیں، عدالت کو یہ بھی بتائیں کہ آرڈیننس کیوں جاری کیا گیا۔

جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو تین مارچ 2016 کو غیر قانونی طور پر پاکستان داخل ہونے پر گرفتار کیا، کلبھوشن یادیو نے را کے ایما پر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان میں جاسوسی کا بھی اعتراف کیا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کلبھوشن یادیو کو ملٹری کورٹ نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کر کے سزا سنائی، 8 مئی 2017 کو بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا اور ویانہ کنونشن کی خلاف ورزی کرنے اور قونصلر رسائی نہ دینے الزام لگایا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کلبھوشن یادیو اور بھارت نے وکیل کی سہولت لینے سے انکار کیا، بھارت عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے بھاگ رہا ہے، عالمی عدالت کی ہدایت پر ہی کلبھوشن یادیو کو دو مرتبہ قونصلر رسائی دی گئی، عالمی عدالت انصاف نے سزائے موت پر حکم امتناع جاری کیا جو آج بھی موجود ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سزائے موت پر عمل درآمد کے خلاف اسٹے آرڈر اب بھی موجود ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ سزائے موت پر عالمی عدالت انصاف کا اسٹے آرڈر موجود ہے، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرڈیننس جاری کروا کے سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا موقع دیا گیا۔

چیف جسٹس اطہرمن نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا آپ کو کتنا وقت چائیے، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی حکومت کو بھارتی ہائی کمیشن سے رابطے کے لیے دو سے تین ہفتے درکار ہیں۔

جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہرمن اللہ نے کہا شفاف ٹرائل سب کا حق ہے، بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیوکیلئے سرکاری وکیل مقرر کرنے کی درخواست پرسماعت تین ستمبرتک ملتوی کردی۔

Comments are closed.

Scroll To Top