اسلام آباد میں دھرنا دیا تو کچل کر رکھ دوں گا، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے۔جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے۔ آج تاریخی جلسہ ہے۔اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی۔ جے یو آئی سے درخواست ہے کہ آپ کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں۔ہم نے 28 مارچ کو ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے۔جے یو آئی والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں انہیں بھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں۔تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول اور فضل الرحمان عمران خان سے استعفی مانگ رہے ہیں۔ گینگ آف تھری سے کہتا ہوں کہ انہیں کچھ نہیں ملنے والا ۔عمران خان چھا جائے گا ۔چاہے اسمبلی سے ہو یا عوام اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے۔ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے۔جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا۔

اسلام آباد میں جلسوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔ شام میں عمران خان کا جلسہ ہے ہم نے مزید راستے بنائے ہیں۔ کوشش ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو لیکن اگر تصادم ہوا تو کوئی نہیں بچے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More